وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی پہلی ملاقات،مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

کراچی (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کو یقین

دہانی کرائی ہے کہ ترقیاتی اسکیموں، گندم کی قلت اور ٹڈی دل کے حملوں سمیت تمام اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

 یہ بات وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاﺅس سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کہی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ترقیاتی اسکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ صوبہ کے بعض اہم منصوبے وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں زیر التواءہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے ملک میں کھڑی فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ صحرائی علاقوں میں اس کا خاتمہ کیا جائے جہاں ٹڈی دل نے افزائش کیلئے اپنے مسکن بنا رکھے ہیں اور جب صحراءمیں بارش ہو گی تو اس کی افزائش شروع ہو جائے گی۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کریں گے کہ وہ ضروری اقدامات اٹھائیں اور صحرائی علاقوں میں سپرے کا آغاز کریں۔ وزیراعلیٰ نے بروقت کارروائی کیلئے چین اور متحدہ عرب امارات سے ایئر کرافٹ کرائے پر حاصل کرنے کی تجویز دی۔

 وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو بھی ہنگامی اقدامات کرنے اور سپرے کے آغاز کی ہدایت کی۔ ملاقات کے دوران پولیو کے بڑھتے کیسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس پر وزیراعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پولیو تدارک کےلئے قائم قومی ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کریں گے جس میں تمام سٹیک ہولڈر کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اس پر قابو پانے کی حکمت عملی کو تبدیل اور مستحکم بنایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران گندم کی قلت کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر جلد اجلاس بلائیں گے۔