
کراچی(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقربا پروری اور سفارشی کلچر نے
اداروں کو کمزوررکردیا ہے، مہنگائی کرنے والے ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے ،کسی ڈاکو کو نہیںچھوڑیں گے ، ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق بنانا میرا خواب ہے ، ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت جوانوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے۔
کراچی میںکامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام کی لانچنگ پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں کامیاب پروگرام وہ پروگرام ہے جس سے ملک بنتے ہیں ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے ہے۔
انہو ں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ کامیاب جوان پروگرام کا مقصد جوانوںکو ان کے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے ۔ نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں۔ پروگرام میں جتنا میرٹ اورشفافیت ہوگی اتناہی کامیاب ہوگا جس معاشرے میں میرٹ نہیں ہوتا وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتا ہے ۔ آسٹریلیا میں میرٹ کی وجہ سے وہ سپورٹس اور دیگر شعبوں میں آگے نکل گیا ہے۔ ہمارے ملک میں اللہ تعالیٰ نے بڑا ٹیلنٹ دیا ہے اس کے باوجود ہم دنیا سے مقابلہ نہیں کرسکتے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر شعبے میں آگے نکل گئے ہیں اگر ہم چاہیں تو پاکستان میں ہر ادارہ عالمی معیار کا بن سکتا ہے کیونکہ ہمارا سارا پروفیشنل باہر بیٹھے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہم آگے اس لئے نہیں بڑھ سکتے کیونکہ یہاں اداروں میں میرٹ نہیں ہے ہمارا سسٹم میرٹ کو فروغ نہیں دیتا ۔ ہم اقرباپروری اور سفارشی کلچر کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ہمارے ادارے مضبوط نہیں ہوتے۔60 کی دہائی میں پاکستان کی بیورو کریسی عالمی معیار کی تھی اس لئے ہمارا ملک آگے بڑھ رہا تھا کیونکہ اس وقت سول سروسز کا تگڑا امتحان ہوتا تھا جس میں بہترین ٹیلنٹ اوپر آجاتا تھا جیسے جیسے ہم میرٹ سے پیچھے گئے ہمارا ملک پیچھے چلا گیا ۔ اس پروگرام کی کامیابی تب ہوگی جب قرضے میرٹ پر دئیے جائیں گے ۔ اس میں ہم اپنے پرائے میںکسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے۔




































