وزیر خارجہ شاہ محمود کی کینیا کی اپنی ہم منصب ریشلیا اومامو سے ملاقات

نیروبی (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیا، مشرقی

افریقی خطے کا ”گیٹ وے“ ہے، پاکستان کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو نیروبی میں کینیا کی اپنی ہم منصب ریشلیا اومامو سے ملاقات کے دوران کہی۔ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ریشیلیا اومامو کو وزارت خارجہ جمہوریہ کینیا کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کینیا مشرقی افریقی خطہ کا ”گیٹ وے“ ہے، پاکستان کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنی کینیا ہم منصب کو پاکستان کی نئی سفارتی ترجیحات بتاتے ہوئے ”انگیج افریقہ“ وژن کے خدوخال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے بعد کینیا پاکستانی مصنوعات کےلئے سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے، پاکستان کا سفید چاول کینیا میں بہت پسند کیا جاتا ہے جبکہ کینیا سے درآمد کی جانے والی چائے کو پاکستان میں بہت پذیرائی حاصل ہے۔
کینیا کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کینیا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے مشرقی افریقہ بالخصوص جمہوریہ کینیا کے ساتھ روابط کو اپنی سفارتی ترجیحات میں شامل کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کینیا کی وزیر خارجہ ایمبیسڈر ریشیلیا اومامو کو اپنی اولین فرصت میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔