
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبرایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم
کرنے کا عزم کر رکھا ہے، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے شمار مواقع موجود ہیں، سیاحت کے فروغ سے زرمبادلہ کمانے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، توانائی کے شعبے میں نقصانات کا روکنا اور عوام پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ایڈوائزری اور کنسلٹنٹ کمپنی میکنزی کے گلوبل منیجنگ ڈائریکٹر کیون سنیدر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید ذوالفقار حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو مختلف شعبوں میں منصوبہ بندی اور انتظامی امور میں فراہم کی جانے والے تجاویز، آراءاور معاونت کے حوالے سے بریف کیا۔ کیون سنیدر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ میکنزی کمپنی گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور پالیسی سازی خصوصاً گڈگورننس اور مختلف شعبوں میں موثر پالیسی سازی کے ضمن میں اپنی ماہرانہ رائے اور تجاویز مختلف اداروں کو فراہم کرتی رہی ہے تاکہ عوامی مفاد پر مبنی پالیسیوں کی تشکیل اور بہتر انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروبار میں سہولت کاری اور سیاحت کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمران طبقے نے اپنے مفادات کے لئے کرپشن کی اور اس مقصد کے لئے اداروں کو کمزور کیا گیا۔ سول اداروں کے کمزور ہونے سے کرپشن اور عوام کی تکالیف میں اضافہ ہوا اور حکومت کی جانب سے عوامی مفادات کے تحفظ کی صلاحیت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معاشی صورتحال کے تناظر میں کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں اور معاشی عمل تیز ہو جس سے سماجی و معاشی ترقی ممکن بنائی جا سکے۔
سیاحت پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ سیاحت کے فروغ سے جہاں زرمبادلہ کمانے میں مدد ملے گی وہاں نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ خصوصاً انفراسٹرکچر کے قیام اور مقامی اقدار کے مطابق سیاحت کا ماحول اور سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے میکنزی کی جانب سے فراہم کی جانے والی ماہرانہ رائے کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ ملاقات میں حکومتی شعبے میں اخراجات میں کمی لانے اور سرکاری پیسے کے استعمال میں کفایت شعاری اور اسکا بہترین استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔














