
لیہ (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل چکا ہے، قوم کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، اگر ہم
گذشتہ حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی اقساط بروقت واپس نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ تعلیم، صحت، انصاف اور تھانوں کا نظام بہتر بنا رہے ہیں، 80 ہزار لوگوں کو ہر ماہ بلاسود قرضے اور 50 ہزار غریب نوجوانوں کو ہر سال سکالرشپس دیں گے، ملک بھر میں مزدور اور غریب طبقہ کو چھت اور خوراک کی فراہمی کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں، غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب لا رہے ہیں، اساتذہ کیلئے جزا اور سزا کا نظام لایا جا رہا ہے ۔
کو وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں ”احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام“ کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس نظریہ پر قائم ہوا تھا وہ آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، وہ فلاحی ریاست کا تصور تھا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں، پاکستان کی اب تک کی ہونے والے ترقی میں امیر، امیر تر ہوتا گیا جبکہ غریب اپنی جگہ پر اسی طرح رہا، یہ فاصلہ بڑھتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس صورتحال میں ترقی نہیں کر سکتا، مدینہ کی ریاست نبی اکرم نے اسی اصول کی بنیاد پر بنائی اور لوگوں کو غربت سے نکال کر مسلمانوں کو ایک عظیم قوم بنایا، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، اس لئے وہ عظیم ترین ملک بنا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی احساس پروگرام شروع کیا گیا، کمزور طبقہ کیلئے کفالت کارڈ کا آغاز کیا گیا ہے جس سے ان کو براہ راست رقم مل رہی ہے جس سے وہ اپنی اشیاءضروریہ خرید سکتے ہیں، کمزور طبقہ کو ہنرمندی کے آلات دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایک گائے، ایک بھینس اور تین بکریاں دی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنا گھر چلا سکیں۔
۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ماہ 80 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، کمزور طبقہ کے نوجوانوں کیلئے ہر سال 50 ہزار سکالرشپس دیئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں مزدور اور بے سہارا طبقہ کیلئے پناہ گاہیں بنائی جا رہی ہیں جہاں انہیں کھانا، پینا اور رہائش مفت فراہم کی جائے گی، اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی جگہ ایسی نہ ہو جہاں کوئی غریب چھت نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر سوئے، ہم وہ پاکستان بنائیں گے جہاں کوئی بھوکا اور سڑک پر نہیں سوئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم عدالت میں غریب افراد کو انصاف کی فراہمی کیلئے قانونی معاونت فراہم کریں گے۔














