خواتین کو بااختیار بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں , فردوس عاشق

اسلام آبا(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنا کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ،کسی کو اختیار نہیں کہ وہ ڈنڈے یا پتھر کے ذریعے اپنا نظریہ مسلط کرے ، میڈیا نے عورت مارچ پر مثبت کردار ادا کیا ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں عورت مارچ کے حوالے سے گفتگوکر رہی تھیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی جاوید لطیف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا ۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے پیمرا کے ذریعے چینلز کے لئے ایڈوائزری جاری کی تھی اس کی روشنی میں الیکٹرانک میڈیا نے عورت مارچ پر مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی المیہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ہر شخص نے اپنی عدالت لگا رکھی ہے ، حکومت سوشل میڈیا قوانین پر کام کر رہی ہے ، ہم آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں ،کمپنیوں کے تحفظات کے بعد سوشل میڈیا قوانین پر نظر ثانی کی جارہی ہے ۔ معاون خصوصی اطلاعات نے عورت مارچ کے منتظمین کو بلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عورت مارچ کے منتظمین سے پوچھیں وہ کیا چاہتے ہیں، یہ وہ بخار ہے جس کا چڑھنے سے پہلے علاج ضروری ہے۔