ہماری حکومت نے ملکی نظام ٹھیک کرنا شروع کر دیا، وزیراعظم عمران خان

مہمند (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے ملکی نظام

ٹھیک کرنا شروع کر دیا ہے، مشکل وقت سے گزر آئے ہیں، اب اچھا وقت آئے گا، مہنگائی پر قابو پا لیا ہے، ذخیرہ اندوزی کرکے پیسہ کمانے والوںکو نہیں چھوڑوں گا، کچھ بھی ہو جائے بجلی گیس کی قیمت بڑھنے نہیں دیں گے بلکہ کم کریں گے، عوام کبھی ایسی پارٹی کو ووٹ نہ دیں جن کے باہر کے ملکوں میں محلات اور اکاﺅنٹس ہوں۔سارے کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہے۔
۔ وزیر اعظم عمران خان نے احساس کفالت پروگرام کے تحت کفالت کارڈ زتقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر اعظم کی معاون ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کو 7 ماہ سے بھارتی افواج نے گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے دلیر مسلمانوں کو پیغام دیا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں صبر کرنے کو اللہ تعالیٰ نے بہترین صفت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لئے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں صبر کی توفیق دے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ظالم انتہا پسند نریندر مودی کا آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں سے نفرت کا پرچار کرتا ہے۔ اللہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ظلم سے نجات دے اور کشمیریوں کو آزادی نصیب ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 20 کروڑ مسلمان بھی مشکل میں ہیں۔ دلی میں پولیس کے ساتھ مل کر آر ایس ایس کے غنڈوں نے ان پر ظلم کیا ۔ میں نے دنیا کو انتہا پسند مودی کی حکومت کی نفرت پر مبنی پالیسی سے دنیا کو آگاہ کیا اور بتایاکہ اگر عالمی برادری نے آواز بلند نہ کی تو بھارت میں خون بہے گا۔ پولیس کے ساتھ مل کر مسلمانوں کا خون بہایا گیا۔ آر ایس ایس کا انتہا پسند نظریہ مسلمانوں، عیسائیوں ، سکھوں ، دلتوں سمیت سب کے خلاف ہے۔ یہ نفرت کی بنیاد پر بنایا ہوا نظام ہے۔ اللہ اس ظلم کو ختم کرے گا۔