
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے منفی اثرات
سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا، معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا اور خصوصا عام آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی شکایت کی صورت میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
حکومت کو کرونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور وائرس کی روک تھام کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جائے۔
پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ خندہ پیشانی اور ثابت قدمی سے کیا ہے اور انشا اللہ کرونا وائرس کے خلاف بھی قومی سطح پر مشترکہ کاوش سامنے آئے گی ۔ کرونا سے ڈرنا نہیں بلکہ من الحیثت القوم اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچاﺅ کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور بیرسٹرمحمد حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی سیکریٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات اور ان کے نتیجے میں ملکی معیشت کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کرونا وائرس کے تناظر میں ملکی معیشت پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھنے اور پیشگی اقدامات تجویز کرنے کے لئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔














