کورونا سے ترقی پذیر ممالک کی معیشتیں تباہی کا شکار ہو سکتی ہیں ،وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ترقی پذیر ممالک کی

معیشتیں تباہی کا شکار ہو سکتی ہیں، ترقی یافتہ ممالک پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے کچھ قرضے معاف کرنے پر غور کریں، اگر کورونا وائرس پھیلتا ہے تو ہمیں صحت کی سہولیات کے حوالے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گ۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو اپنے ایک انٹرویو میںوزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی اختلافات یا اقتصادی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے انسانی بنیادوں پر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کی ضرورت ہے، ایران پر امریکی پابندیاں ختم کی جائیں، بھارت کی ہندو قوم پرست حکومت نے شہریت کے نئے متنازعہ قانون کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی شہریت کو خطرے میں ڈال دیا ہے،افغان صدر اشرف غنی کے پاکستان کے حوالے سے بیانات مایوس کن ہیں، انہیں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کی خدمات کو سراہنا چاہئے تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر پاکستان میں کورونا کا مسئلہ شدت اختیار کرتا ہے تو اس سے حکومت کی طرف سے خراب معیشت کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششیں متاثر ہونے، برآمدات میں کمی، بے روزگاری میں اضافے اور قرضے کا بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر میں بھارت اور افریقی ممالک کے لئے بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس پھیلتا ہے تو ہمیں صحت کی سہولیات کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس حوالے سے ہماری استعداد اور ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے۔