ہاتھ ملانے اور مذہبی اجتماعات میں جانے سے گریز کیا جائے،ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلام آباد( ویب ڈیسک،خبر ایجنسی )اسلامی نظریاتی کونسل نے وبائی امراض کی صورت میں حکومتی

اقدامات کی تقلید کرنا شریعت کے مطابق قرار دیا ہے، ایسے مذہبی معاملات جو فرض نہیں ہیں ،انہیں پورا کرنے پر اصرار موجودہ حالات میں درست نہیں ہے۔
کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتِ حال برقرار رہتی ہے تو ماہ رمضان کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کریں گے ۔ امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کونسل نے تجویز کیا کہ بڑے مذہبی اجتماعات سے اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر عوام ہاتھ ملانے اور مذہبی اجتماعات میں جانے سے گریز کریںقومی سلامتی کمیٹی کے کہنے پر کونسل نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر مذہبی معاملات پر تجاویز دی ہیں، جنہیں کابینہ نے منظور کیا ہے۔ کرونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ ملانے ، گلے ملنے سے بھی گریز کیا جانا چاہیے۔ زبان سے سلام ہوسکتا ہے ، مصافحہ اور معانقہ لازمی نہیں ہے۔ نماز کے اوقات کو بھی محدود کردینا چاہیے، جب کہ خطیب حضرات جمعہ کو صرف عربی زبان میں خطبے پر ہی اکتفا کریں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز کے بقول کونسل کی ذمہ داری معاشرے کی اصلاح اور شرعی مسائل پر عوام کی رہنمائی کرنا ہے۔ مذہبی اجتماعات کو محدود رکھنے کے مشورے پر عمل درآمد ریاست کی ذمہ داری ہے۔