موجودہ حالات میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے،فردوس عاشق

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ

حالات میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے،حکومت صوبوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم کی طرف سے یقین دلاتی ہوں کہ موجودہ حالات میں سب متحد ہیں، ہمیں ایک قوم بن کر دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم ہر خطرے سے نمٹ سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورونا وائرس کے حوالے سے موثر میڈیا حکمت عملی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزرائے اطلاعات و نشریات نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات کو کم کرنے کے لئے حکومت صوبوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کے اجلاس میں بھی ان اقدامات کا جائزہ لیا گیا اورموجودہ حالات میں عوام کے جان و مال کا تحفظ کے لئے اہم فیصلے کئے گئے جن پر عملدرآمد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے یقین دلاتی ہوں کہ موجودہ حالات میں ہم سب متحد ہیں اورہمیں ایک قوم بن کر دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم ہر خطرے سے نمٹ سکتے ہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کو بروقت اور درست معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اورموثر میڈیا حکمت عملی سے متعلق اجلاس کا مقصد بھی درست اعداد و شمار اور اقدامات سے متعلق معلومات میڈیا کے ذریعے عوام الناس تک پہنچانا ہے ۔