
لندن(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن
سے وطن واپسی کےلئے روانہ ہوگئے،اتوار کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔
شہباز شریف کو والدہ اور بھائی نوازشریف نے گلے لگاکر رخصت کیا ،ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں بھائی والدہ کی دعائیں لینے کے بعد شہباز شریف ائرپورٹ کے لئے روانہ ہوگئے روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے ،ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی پاکستان میں تمام لوگوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔میرا پاکستان واپس آنے کا ارادہ تھا تاکہ میں اپنی عوام کے ساتھ وہاں پر موجود ہوں لیکن میں اپنے بڑے بھائی کی بیماری کی وجہ سے رکا ہوا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ آج جب میں نے خبر سنی کہ پاکستان کی ائیر سپیس جہازوں کے لیے بند کی جا رہی ہے تو فورا اپنے بڑے بھائی سے کہا کہ آپ کے علاج تک مجھے یہاں رکنا ضروری تھا لیکن اب ائیر سپیس بند ہونے جا رہی ہے تو اب میری رہنمائی فرمائیں تو نواز شریف نے کہا کہ یقینا تم پاکستان لوٹ جاﺅ ،یہ تمہارا فرض بھی ہے ،پھر میں نے ا ن کی دعاوں سے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی اور سیاسی جماعت کے رہنما کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ میں پاکستان واپس آجاوں ۔اس قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اعلان کیاتھا شہباز شریف رات اسلام آباد واپس پہنچ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں پاکستانی عوام مشکل میں ہیں اسے دیکھتے ہوئے شہباز شریف نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیاہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نواز شریف کا آپریشن اگلے ہفتے ہونا ہے، شہباز شریف قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، نواز شریف نے شہبازشریف کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وطن پہنچیں۔














