رضاکار ٹائیگر فورس کی تشکیل کا طریقہ کار طے کر لیا گیا،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیراعظم کی اعلان کردہ رضاکار ٹائیگر فورس کی تشکیل کا طریقہ

کار طے کر لیا گیا۔ معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائر فورس کی تشکیل کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو افرا تفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔31 مارچ سے 10 اپریل تک ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن سٹیزن پورٹل پر ہوگی۔ ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں کام کرے گی، نوجوان ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور فوڈ چین بحال رکھیں گے۔اجلاس کے دوران ٹائیگر فورس کی تشکیل کا طریقہ کار طے کر لیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ہنگامی صورت حال کے پیش نظر بروقت پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔
ٹائیگر فورس کے لیے وزیراعظم خود نوجوانوں کے لئے خصوصی پیغام ریکارڈ کروائیں گے۔ 18 سال سے زائد عمر کے صحتمند نوجوان سٹیزن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرائیں گے۔ملک بھر سے رجسٹرڈ رضا کار ضلعی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر کام کریں گے، ڈپٹی کمشنرز، اے سی، ٹی ایم اوز اور ارکان پارلیمنٹ رضاکاروں کو سہولیات فراہم کریں گے، ضلعی و تحصیل انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا ریلیف ٹائیگرز کو ڈیوٹیز اسائن کریں گے۔کورونا ریلیف ٹائیگرز کی نشاندہی پر انتظامیہ اور پولیس فوری کارروائی کریں گے، رضاکار این ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر گھروں میں راشن پہنچائیں گے، رضاکار اشیائے ضروریہ کے لیے جگہ اور سٹوریج کا بندوسبت کریں گے۔شہروں اور دیہاتوں میں قائم قرنطینہ مراکز کا انتظامات میں بھی حصہ لیں گے، کورونا ریلیف ٹائیگرز گھروں میں قرنطینہ ہوئے لوگوں کی دیکھ بھال بھی کریں گے۔
رضاکار ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر لوگوں کو گائیڈ لائنز فراہم کریں گے۔کورونا ریلیف ٹائیگرز بے روزگار افراد کا ڈیٹا اکھٹا کریں گے، کورونا کے مشتبہ مریضوں سے متعلق معلومات بھی اکھٹی کریں گے، کورونا ریلیف ٹائیگرز لاک ڈاون پر عملدرآمد یقینی بنانے میں انتظامیہ اور پولیس کی مدد کرینگے۔رضاکار ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمتوں سے متعلق بھی نشاندہی کریں گے، رضاکار اعلانات اور جنازوں کے انتظامات میں بھی حصہ لیں گے، کورونا ریلیف ٹائیگرز کو متعلقہ سرکاری افسران روانہ کی بنیاد پر بریفنگ دیں گے۔