
ملتان(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سرکٹ ہاوس میں کورونا وائرس اور انصاف امداد پیکیج کے
حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ضلع کے تمام ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی اور قومی سطح پر کورونا وائرس کی وباء کا بغور جائزہ لے رہی ہے،اس مقصد کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی ہیں،میری سربراہی میں قائم کمیٹی بین الاقوامی سطح پر رابطوں میں مصروف ہے اورآئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور ایشین بنک کے قرضے ری شیڈول کرانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ رقم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے صحت کے شعبے پر خرچ کی جائے گی،حکومت یورپی یونین، جی 77 اور جی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر پابندیاں ختم کرانے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے،پابندیوں کی وجہ سے ایران رقم ہونے کے باوجود وینٹی لیٹر نہیں خرید سکتا، وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ دوسری سب کمیٹی وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، یہ کمیٹی لاک ڈاؤن اور فوڈ سپلائی کا جائزہ لے رہی ہے، اگر مکمل لاک ڈاون کی طرف جانا پڑا تو اس کے لئے تیاری کی ضرورت ہوگی لیکن اس کا فیصلہ وائرس کا ٹرینڈ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔














