
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا جیسی وبا کے خلاف ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف ہمارا ہراول
دستہ ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی ضروریات کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے کی بحالی کے ثمرات نچلے طبقے خصوصاً مزدوروں تک پہنچانے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، محمد حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور کورونا متاثرین کی نگہداشت کے حوالے سے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں 136 ہسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے حفاظتی کٹس بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی ایم اے نے ہسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ استوار کر لیا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو بتایا کہ 49 ہزار 500 حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف ہسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں۔ مزید کٹس کی ہسپتالوں کو فراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کر لی جائے گی۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تکنیکی عملے کی دستیابی اور ان کی تربیت کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات لئے جا رہے ہیں۔














