کورونا کا پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی کاوشوں کا خیر مقدم

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک اہم

فورم سمجھتا ہے، وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے پیر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ولادی میرنوروف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے موثر لائحہ عمل اپنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل ایس سی او کو، اس عالمی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔و
زیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک اہم فورم سمجھتا ہے کیونکہ اس کے ممبر ممالک کی آبادی، دنیا کی آبادی کا چالیس فیصد سے زائد اور جی ڈی پی، ایک چوتھائی حصہ بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ اس وبا کے انسداد کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے جس طرح اس عالمی وبا کو شکست دی ہے وہ قابل تحسین ہے ہمیں چین کے تجربات سے استفادہ کرنا ہو گا۔چین، کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بہت معاونت کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی اور لائحہ عمل کی بروقت تشہیر، ایس سی او سیکرٹریٹ کا نہایت احسن اقدام ہے۔