وفاقی کابینہ میں وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیئے گئے، خالد مقبول کا استعفیٰ منظور

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیئے ہیں جبکہ خالد مقبول

صدیقی کا وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔  وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزراء کے قلمدانوں میں ردوبدل کیا ہے جبکہ نئے وزراء کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سیّد فخر امام کو وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک و تحقیق، مخدوم خسرو بختیار کو وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور، حماد اظہر کو وفاقی وزیر برائے صنعت، اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات، ڈاکٹر بابر اعوان کو مشیر برائے پارلیمانی امور اور امین الحق کو وفاقی وزیر برائے ٹیلی کمیونیکیشن کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کا وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر لیا جبکہ محمد شہزاد ارباب کو مشیر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ہاشم پوپلزئی کو سیکرٹری قومی تحفظ خوراک و تحقیق کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ عمر حمید کا تبادلہ کرکے انہیں سیکرٹری قومی تحفظ خوراک و تحقیق تعینات کر دیا گیا ہے۔