
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد اور ان کی گرفتاریوں پر سخت
ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی لباس کے مطالبے پر کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد حکومتی غنڈہ گردی ہے۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی لباس اور آلات فراہم کرنے کی بجائے ان پر تشدد اور انہیں جیل بجھوا دینا کہاں کا انصاف ہے۔ ایک ایسے وقت جب ڈاکٹروں کی ضرورت ہسپتالوں میں ہے انہیں جیل بجھوا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت جائز مطالبات پر تشدد اور گرفتاریاں کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ پوری دنیا میں ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے جبکہ نئے پاکستان کی سرکار انہیں جیل بھجوا رہی ہے۔ ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاری سے ان کا مورال ڈاؤن کرنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بدترین نااہلی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر خود کو تنہا نہ سمجھیں پاکستان پیپلزپارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی زبردست خدمات پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔














