
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے اجراء کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعظم
آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِاعظم کو احساس ایمرجنسی کیش انفارمشین پورٹل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے قیام کا مقصد کورونا وائرس کی صورتحال میں مستحقین میں مالی معاونت کی فراہمی کے پورے عمل کو شفاف بنانا اور اس حوالہ سے تمام معلومات سے عوام کو آگاہ کر نا ہے۔ انفارمیشن پورٹل کی بدولت کوئی بھی شخص ملک بھر کے کسی بھی ضلع اور تحصیل کی سطح تک احساس ایمرجنسی کیش سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی تعداد اور اب تک تقسیم کی جانے والی رقم کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے گا۔
ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی سہولت حاصل کرنے والوں میں احساس کفالت پروگرام میں درج شدہ خاندان، ایس ایم ایس کے ذریعے احساس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد، صوبوں کی جانب سے نئے اندراج اور وزارتِ صنعت کی جانب سے محنت کش اور مزدور و مستحق افراد شامل ہیں۔ اس حوالہ سے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر (آج) جمعرات کو پریس کانفرنس کے ذریعے تمام تر تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کریں گی۔














