
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام
کورونا وائرس کا سامنا نہیں کرسکتا۔ وائرس سے لڑنے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے۔
غیرملکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکمران ناکام ہوچکے ہیں۔ لوگ لاک ڈاؤن پر عمل کررہے تھے لیکن سرکاری ٹی وی پر وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن نہیں ہونا چاہئے،یہ قیادت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنی سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ ڈاکٹرز اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کے مشوروں پر عمل کرنے کا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ کراچی سے پشاور تک ڈاکٹرز اور عملہ احتجاج کر رہا ہے کہ انہیں کورونا سے بچاؤ کی کٹس دی جائیں۔ عالمی بینک کے مطابق پاکستانی معیشت بحران کا شکار ہوسکتی ہے۔چیئرمین پی پی نے کہاکہ پاکستان میں صحت کا نظام کورونا وائرس کا سامنا نہیں کرسکتا۔ ہمیں کورونا سے لڑنے کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خاندان کے ساتھ گھر پر رہیں گے اور رمضان گھر میں ہی گزاریں گے۔














