
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد
دیتے ہوئے کہا ہے کہ روزہ انسان کے اندر پرہیزگاری، ہمدردی اور ایثار کے جذبہ کو فروغ دیتا ہے۔
رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے، عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، بڑی بڑی طاقتیں بھی اس وباء کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں، پاکستانی قوم کو اس نازک صورتحال کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا، اللہ تعالیٰ سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی کا فضل وکرم ہے کہ ہمیں اس نے ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ روزہ کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔ روزہ کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہے۔،اس طرح بندے میں پر ہیز گاری اور تقوی پیدا ہوتا ہے۔ نیز روزہ کی حالت میں بھوک و پیاس کو برداشت کرنے سے دوسروں کا احساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہے، بڑی بڑی طاقتیں اس وباء کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں، پاکستانی قوم کو اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔




































