ڈیجیٹل میڈیا اور اشتہارات کی نئی پالیسی لا رہی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات ڈیجیٹل میڈیا اور اشتہارات کی نئی پالیسی لا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کورونا وباء کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں آگاہی کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔
یہ بات انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یو ٹیوب چینلز کے حامل صحافیوں سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران سوشل میڈیا کے مثبت استعمال، بیروزگار ہونے والے صحافیوں کو روزگار کی فراہمی کے مواقع،نوجوانوں صلاحیتوں کو بروئے لانے اور ملکی زرمبادلہ کو بچانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زرمبادلہ کی باہر منتقلی کی روک تھام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میڈیا کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا تیزی سے ترقی کر رہا ہے،وزارت اطلات و نشریات کی طرف سے نئے ڈیجیٹل میڈیا کو اشتہارات کا اجراء ہو گا۔ یوٹیوب چینلز مالکان کو پی آئی ڈی کا ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں کورسز کروائے جائیں گے۔
، اس حوالے سے پی آئی ڈی میں رجسٹریشن ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے۔ ڈیسک کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا سے متعلقہ صحافیوں کی رجسٹریشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور کرونا کے خلاف ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔