علما نے 20نکات پر عمل نہ کرایا تو مساجد بند کرنا پڑیں گی:ڈاکٹر فردوس عاشق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی اور صوبائی

حکومتوں کے یکجابیانیہ اورہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہم سب متحد ہیں۔ کورونا کی وبا پر کوئی سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کر رہے، صحافیوں اورمیڈیا ورکرز کو حفاظتی سامان اور راشن فراہم کیا جائے گا،جبکہ بقایات جات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزرائے اطلاعات کے ہمراہ ویڈیو لنک پر اجلاس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ ہیں۔ کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جن سے ان کی حوصلہ شکنی ہو، ہمیں ان کے عزم و حوصلہ کو بڑھانا ہے۔ ان کے مطالبات، خدشات، شکایات اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ 15 مئی تک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے،علماء کرام کو 20 نکات پر عملدرآمد کرنا ہے، اگر ان پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ان مساجد کو بند کرنا پڑے گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس کانفرنس کامقصد کورونا وباء کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، موجودہ صورتحال میں ویڈیو لنک پر تبادلہ خیال کرنا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو میڈیا کے ذریعے یہ پیغام دینا ہے کہ عوام کو کورونا اور اس کے اثرات سے بچانا اور ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، ہم نے عوام کو یہ باور کرانا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں اور فیصلہ سازی کا مرکز عوام کا تحفظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے باعث پریس کلبوں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ ہو سکتا ہے اس تناظر میں پریس کلبوں کی ڈس انفکشن کی جائے گی تاکہ صحافی محفوظ اور سازگار ماحول میں اپنا کام کر سکیں۔