
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے حکومت اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور
معیشت کا پہیہ حرکت میں رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔عالمی وبا نے انتہائی مختصر وقت میں ہماری سوچ اور طرزِ زندگی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ ٹاؤن ہال میٹنگ سلسلے کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے انہیں رمضان المبارک کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اس ماہ صیام کے صدقے پوری انسانیت کو اس وبا سے نجات دے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ میں 50 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں اور نو لاکھ سے زیادہ لوگ اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔میں ان تمام خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرنا چاہتا ہوں جن کے پیارے اس وبا کے دوران جدا ہوئے۔امریکہ جو دنیا کی سب سے بڑی معاشی قوت ہے اس کا عالم یہ ہے تو ہمارے جیسے ترقی پذیر ممالک کی صورت حال کا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فراخ دلی کو ہم نے کئی مرتبہ دیکھا ہے۔ آج بالخصوص طبی شعبے سے وابستہ پاکستانی امریکی ڈاکٹرز اور نرسز، جس انداز میں لوگوں کی جانوں کو بچانے کیلئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں پوری قوم کو ان پر فخر کر ہے۔
کورونا عالمی وبا کے سامنے آنے پر ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن میں ایک بیرون ممالک میں مقیم، واپسی کے منتظر، پاکستانیوں کی جلد واپسی ہے۔اب تک ہم تقریبا دس ہزار کے قریب بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو واپس لا چکے ہیں لیکن ابھی ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں، ہمیں ان کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔




































