لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا فیصلہ کریں گے:وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا فیصلہ کریں گے۔عوام

کی طرف سے احتیاط کے باعث کورونا کیسز اندازے سے کم ہیں، بہت سے ملکوں کی نسبت ہمارے ملک کے حالات بہتر ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ کے بعد اپنی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئیوزیر اعظم نے کہا کہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کورونا کب ختم ہو گا۔ جب تک اس وقت کی ویکسین تیار نہیں ہوتی وباء پر قابو پانے کے باوجود اس کا خطرہ موجود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ احساس کیش پروگرام کے تحت ملک بھر میں 66 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب روپے کی رقم کی بلا امتیاز اور شفاف طریقہ سے انتہائی کم وقت میں تقسیم کی گئی، وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ مخیر حضرات کی ایک روپے کی امداد پر چار روپے شامل کرے گی۔ ریلیف فنڈ سے رقوم کی ادائیگی جلد شروع ہو گی، بیروزگار ہونے والے مزدوروں اور دیہاڑی دار افراد کی نشاندہی کیلئے یونین کونسل کی سطح پر ٹائیگر فورس کا ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے پاکستان میں اندازے سے کم اموات ہوئی ہیں، تعاون کرنے پر عوام کو شکرگزار ہوں، دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارے حالات بہتر ہیں۔ ہمارا خیال تھا کہ اپریل کے آخر میں ہسپتالوں پر دباؤ ہو گا، وینٹی لیٹرز اور آئی سی یو بھرے ہوں گے لیکن صورتحال ایسی نہیں ہے، حالات بہتر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ایران کے صدر سے بات ہوئی، ایران نے بھی سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں اور عوامی اجتماعات کے مقامات کو بند کیا لیکن چھوٹے کاروبار کو کھلا رکھا تاکہ دیہاڑی دار مزدوروں کو افلاس کا شکار ہونے سے بچایا جائے، ایران میں کورونا سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مصر کے صدر سے بات ہوئی ہے، انہوں نے بھی اجتماعات، سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیاں بند کیں تاہم ایسے کاروبار چلنے دیئے جن سے مزدوروں کا روزگار وابستہ تھا، پاکستان اور مصر میں اموات کی تعداد تقریباً ایک جیسی ہیں، اسی طرح مصر اور پاکستان کی معاشی صورتحال بھی ایک جیسی ہے، ہم نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کب تک کورونا چلے گا ایک بار پھر قابو پانے کے بعد یہ پھر پھیل سکتا ہے، جب تک اس کی ویکسین دستیاب نہیں ہوتی اس کے پھیلنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔