قادیانی غیر مسلم، کسی کمیشن یا کمیٹی میں شامل نہیں کیا جا سکتا،پیر نورالحق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اقلیتی کمیشن سے متعلق خبروں کی سختی سے

تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایسی خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کی شمولیت کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سحر کے وقت جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قادیانی آئین اور دستور پاکستان کے مطابق غیر مسلم ہیں لہٰذا ان کو کسی بھی کمیشن یا کمیٹی میں بطور مسلم یا غیر مسلم نمائندہ شامل نہیں کیا جا سکتا۔
حکومت پاکستان کا موقف واضح ہے کہ کسی بھی گروہ یا جماعت کو اسی صورت آئینی اور دستوری اداروں میں شامل کیا جا سکتا ہے جب وہ آئین اور دستور کو تسلیم کریں۔ قادیانی جماعت آئین اور دستور کو تسلیم کر کے ہی پاکستان کی کسی کمیٹی یا کمیشن میں شامل ہو سکتی ہے۔
پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور دستور سپریم ہے۔ پوری قوم اور حکومت اسی آئین اور دستور کے تابع ہے، حکومت سے کسی بھی غیر آئینی غیر دستوری عمل کی توقع نہیں کی جانی چاہئے۔