
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اومان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کورونا عالمی وبائی صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کرونا وبا سے نمٹنے اور اہم علاقائی امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اومان حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی اوراپنے اومانی ہم منصب کو کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اومان میں مقیم وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی میں معاونت فراہم کرنے پر عمانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ وبائی تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبا کے مضمرات سے نمٹنے اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے ترقی پذیر ممالک کیلئے گلوبل ڈیٹ ریلیف کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے استعمال میں لا سکیں۔














