وفاقی کابینہ نے قومی اقلیتی کمیشن کی منظوری دے دی ہے:پیر نور الحق قادری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے قومی اقلیتی کمیشن کی منظوری دے دی ہے

جس میں کسی قادیانی کو رکن نہیں بنایا گیا، وزارت کی طرف سے کابینہ کو ارسال کردہ دونوں سمریوں میں قادیانیوں کا نام شامل نہیں تھا، چیلا رام کیولانی کو کمیشن کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔
منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں وزارت مذہبی امور کی طرف سے ارسال کردہ اقلیتی کمیشن کے حوالے سے سمری کی منظوری دیدی ہے۔ مینارٹی کمیشن کے چیئرمین کا تعلق سندھ ہندو کمیونٹی سے ہے، مفتی گلزار نعیمی اور مولانا عبدالخبیر آزاد مسلم ممبر ہوں گے،ہندو اور مسیحی برادری سے تین تین ممبر شامل ہیں،سکھ برادری سے دو، کیلاش اور پارسی برادری سے ایک ایک ممبر شامل کیا گیا۔
کسی قادیانی کو ممبر نہیں بنایا گیا۔ وزارت کی دونوں سمریوں میں قادیانی شامل نہیں کئے گئے تھے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل بلحاظ عہدہ کمیشن کے ممبر ہوں گے۔