صوبے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں:وفاقی وزیر منصوبہ بندی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ابتدائی تین دن

انتہائی اہم ہیں، صوبے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کووڈ۔19 کی روک تھام کیلئے حکومت کے اقدامات متاثر نہ ہوں۔
یہ بات انہوں نے اہم اجلاس کے دوران کہی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں صوبائی حکومتوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت کی باہمی مشاورت سے کووڈ۔19 کے عدم پھیلاؤ اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے قومی کاوشیں تیزی سے جاری ہیں۔
اس سلسلہ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں این سی او سی کے 9 مئی کے بعد کی صورتحال، صوبوں کا رمضان سے متعلق گائیڈ لائنز پر عملدرآمد، رمضان کے آخری عشرے کیلئے تیاریوں کا جائزہ اور کووڈ۔19 سے متعلق اعداد و شمار پر غور و خوض کیا گیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ابتدائی تین دن انتہائی اہم ہیں، صوبے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کووڈ۔19 کی روک تھام کیلئے حکومت کے اقدامات متاثر نہ ہوں۔