عوام کورونا کی علامات کی صورت میں خود ٹیسٹ کرائیں وزیرِ اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نے وینٹی لیٹرز کے بہترین استعمال اور آسانی سے دستیابی یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت

عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معاشی صورتحال، عوام کے مسائل اور دیگر ملکوں کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔
کوویڈ19کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے بعض حلقوں میں خدشات کو دور کیا جائے اور عوام کو ترغیب دی جائے کہ وہ علامات کی صورت میں خود ٹیسٹ کرائیں۔
وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان کی فراہمی اور ان کے لئے دیگر سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے بعض حلقوں میں خدشات کو دور کیا جائے اور عوام کو ترغیب دی جائے کہ وہ بذات خود علامات کی صورت میں ٹیسٹ کرائیں۔ گھر پر قرنطینہ اختیار کرنے کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کی جائیں تاکہ لوگ گھروں پر رہ کر بھی قرنطینہ اختیار کر سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ، ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔