انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا ہے ،صدر مملکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزات انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو معاشی اور ٹیکنالوجی کے چیلنجز

سے نمٹنے کے لئے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت تک رسائی میں بہتری، جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی سلوشن اور مہارتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
ایوان صدر میں ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے متعلق کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ یہ شعبہ معیشت، تجارت، برآمدات، تعلیم، صحت، نظم و نسق، تعمیراتی صنعت، زراعت اور ملک کے دیگر شعبوں میں بہتری میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کی موجودہ صورتحال کے دوران انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ ان ٹیکنالوجیز سے صحت عامہ، تعلیم اور دیگر اشیائے ضروریہ اور خدمات کام کرنے والے مقامات کے اندر اور باہر آن لائن وررکنگ اور ویڈیو کانفرنسز کے نظام سمیت کئی کاروباری اداورں اور خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن میں تیزی آئی ہے۔
ملک کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے متعلق صدر مملکت نے وزات انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں بہتری کے لئے اقدامات کریں تاکہ طالب علموں کو آن لائن تعلیم پر بلاتعطل رسائی فراہم کی جا سکے۔