
اسلام آباد(ویب ڈیسک)اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) نے موجودہ حکومت پر پارلیمنٹ کو مفلوج کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے
خبردار کیا ہے کہ نا اہل حکمران کروڑوں لوگوں کو کورونا کی آگ میں جھونک رہے ہیں۔انتہائی بھیانک جرم کا ارتکاب کیا جا رہا ہے۔
سینئر رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمد آصف اور احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈی جی ہیلتھ بلوچستان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے صوبے میں کورونا سے متاثرہ ڈیڑھ لاکھ افراد موجود ہیں، کورونا وباء سے نمٹنے کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو روزانہ کی بنیاد پر حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی بے معنی کارروائی ہورہی ہے گزشتہ ر وز بھی اپوزیشن لیڈر پر کرپشن کے الزامات کا سلسلہ جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی بنے جو روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے حوالے سے سب سے بڑا چیلنج کے سلسلے میں یہ دیکھے پارلیمنٹ اور سیاسی قیادت کررہی ہے۔اگر حکومت ناکام ہوتی ہے توپارلیمنٹ تو کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پارلیمنٹ کو مفلوج کر دیا ہے حکومت تذبذب کا شکار ہے۔سرکاری اجلاسوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ اور ہے۔














