بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں سے بھیڑ بکریوں جیساسلوک بند کیا جائے،شہباز شریف

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو درپیش

تکالیف اور پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلائی جائیں،حکومت جہاز چارٹر کرے لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں کا سلوک بند کیا جائے،مریض، بزرگ، طلبا، فیملیز اور بچوں سمیت دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا،حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں، تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر مرکوز ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے باہرلمبی قطاریں حکمرانوں کی بے حسی اور پاکستانیوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،ہر مرحلے پر پاکستان کی مدد کرنے والے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔