
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی)میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کو خطے کے استحکام کو
نقصان پہنچانے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی قوتیں بھی ہیں جو پاکستان کو کسی صورت مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں۔
دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ ایسی قوتیں موجود ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں اور مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی یہ لوگ بھجوا کر دراندازی کرتے ہیں جس کی مثال کلبھوشن کا کیس ہے وہ جس طرح گرفتار ہوا وہ بھی پوری قوم کے علم میں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں۔بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو متعدد بار آگاہ کر چکا ہے کہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے، عالمی برادری کو ان حالات کا نوٹس لینا چاہیے۔














