طیارہ حادثے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے

گریز کیا جائے۔جمعہ کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے لاہور سے کراچی جانے والے پی آئی اے کے طیارے پی کے 8303 حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا-
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عید سے دو روز قبل اس دل دہلا دینے واقع نے عید کی خوشیاں پھیکی کر دی ہیں، جمعتہ الوداع کا دن جب تمام لوگ رحمتیں اور برکتیں سمیٹ رہے تھے، اس دوران یہ خبر کسی قیامت سے کم نہیں تھی، جن لوگوں نے اس مبارک دن پر اپنی جان دی یے مجھے پوری امید ہے کہ اللہ تعالی ان کے درجات بہت بلند کریگا اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ دیگا-
انشااللہ- اس کے ساتھ ساتھ دعا گو ہوں کہ خدا مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمی ہونے والے افراد کو جلد از جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے- وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ اس موقع پر میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے عوام کو بہت ذمہ داری کے ساتھ عوام کو تمام ضروری معلومات دیں اور غیر تصدیق شدہ خبریں دے کر افراتفری کا عالم نہیں بننے دیا- میں اس موقع پر گزارش یہ کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک حقائق پوری طرح سامنے نہیں آتے- قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں اور انکوائری کا مرحلہ مکمل ہونے دیں -