
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت، اپنی ہندتوا پالیسی پر عمل کرتے ہوئے خطے کو عدم استحکام کی
طرف دھکیل رہا ہے،خطے کو عدم استحکام سے بچانے کیلئے عالمی برادری کو ہندوستان کے جارحانہ اور ہتک آمیز رویے کا فوری نوٹس لینا ہو گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز /سابق سفرا کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کرونا وبا کے بعد سامنے آنے والے چیلنجز، علاقائی استحکام اور پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باعث، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے- ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہیکورونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلا اور اس کے شدید معاشی مضمرات کے سبب ہم عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ کورونا وبا کے بعد اقوام عالم کی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں اپنی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی معیشت کو درپیش مشکلات سے نبرد آزما ہونے اور معاشی بحالی کیلئے ہمیں اقتصادی سفارت کاری کو مزید فعال بنانا ہو گا۔





































