بھارت دہشتگردی کو ریاستی دہشت گردی کے طور پر استعمال کر رہا ہے دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے طالبان اور دیگر وابستہ افراد اور اداروں کے بارے میں اقوام متحدہ کی تجزیاتی سپورٹ اور پابندیوں کی

مانیٹرنگ ٹیم (ایم ٹی) کی گیارہویں رپورٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے، پاکستان بھارت کے مذموم الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے، بھارت دہشت کردی کو پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کو طور پر استعمال کر رہا ہے۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایم ٹی رپورٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گیارہویں رپورٹ میں افغان امن عمل پر عالمی برادری نے شکوک و شبہات کا اظہار نہیں کیا گیاتھا۔ رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ ٹھکانوں کا بھی ذکر نہیں۔ رپورٹ میں امن و استحکام اور دیگر عوامل کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے افغان امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے اور رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے ہیں۔
ترجمان نے کہا یہ رپورٹ ایم ٹی کو افغانستان میں فراہم کردہ بریفنگز پر مبنی ہے جو بعض حلقوں کی جانب سے افغان امن عمل کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ بھارت کی جانب سے ایم ٹی رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور بے بنیا الزامات عائد کر نے کا مقصد افغان امن عمل کو پیچیدہ بنانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں بھارت کی پاکستان کے خلاف دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کو اجاگر کرتا رہا ہے۔