
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں اتحادی جماعتوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،
وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں وسیم اختر، کنور نوید، کشور زہرہ، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، سید آفریدی، اشرف قریشی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، عرفان مروت، ایاز لطیف، سردار عبدالرحیم، حسنین مرزا شامل تھے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والی سیاسی قیادت نے عوامی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے صرف اپنی ذاتی مفاد کی خاطر اقتدار کا استعمال کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ، غربت میں کمی اور عوامی خدمت ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت تمام صوبوں بشمول سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔انتظامی اصلاحات اور نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے حقیقی ترقی ممکن ہو سکے گی۔ اتحادی جماعتوں کے ممبران نے صوبہ سندھ میں ترقیاتی کاموں اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔














