
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی،اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات اور عوام کی جانب سے
احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے بہتر نتائج ا رہے ہیں۔ابھی خطرہ ٹلا نہیں اگر حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا توصورت حال خراب ہو سکتی ہے۔30جون تک کورونا کے کیسز2 لاکھ 25ہزارکے لگ بھگ رہنے کا امکان ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی او سی میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق جون تک کورونا کیسز کی تعداد3لاکھ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا تاہم کورونا کیسز کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں 30 جون تک کورونا کیسز کی تعداد 2لاکھ25ہزار کے لگ بھگ رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے تجزیہ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اگر ہم صحیح کام کریں گے تو صورت حال قابو میں رہے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم نے احساس زمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ حکومت نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر انتظامی کارروائیاں کیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر سے کورونا سے بچاؤ کے لئے رہنماء اصول جاری کئے گئے۔جس میں پرہجوم اور عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا۔این سی اوسی نے 4جون کو صوبوں کو سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی خلاف ورزی پر انتظامی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔تمام صوبوں نے ان ہدایات پر عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں سے ہفتہ میں 3بار اعداد و شمار سے این سی اوسی کو آ گاہ کیا جاتا ہے جبکہ دیگر اداروں سے معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت زیادہ لوگ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔














