
راولپنڈی (ویب ڈیسک۔فوٹو فائل )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد راولپنڈی کے ملٹری ہسپتال سے گھر
منتقل ہو گئے۔ انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر 100 فیصد عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
خود کش حملے کچھ نہیں بگاڑ سکے لیکن کورونا وائرس نے ’تیا پانچا“ کر دیاہے، 20 کلو وزن بیماری کے خوف سے کم ہوا ہے، 8 جون کو کورونا وائرس پازیٹو آنے پر شیخ رشید احمد ”سیلف کورنٹین“ ہو گئے اور بعد ازاں طبعیت خراب ہونے پر راولپنڈی کے ملٹری اسپتال میں زیر علاج رہے۔
جمعہ کو کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے اور ہر طرح کی ٹیسٹ رپورٹ کلیئر ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ وفاقی وپارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو گھر منتقل کر دیا۔ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعدخبر رساں ادارے سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ 21 دن میری زندگی کے مشکل ترین دن تھے، مجھے نئی زندگی ملی، اب ایک بدلا ہوا شیخ رشید نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کورونا وائرس سے احتیاط نہیں کر رہے، وہ میری حالت سے عبرت حاصل کریں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔




































