
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں قرآن کمپلیکس کی
تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں پر بوسیدہ قرآنی اوراک کو ری سائیکل کیا جائے گا،وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر سے متعلق فیصلہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے بعد کیا جائیگا۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قرآن کے تاریخی نادر قلمی نسخوں کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت اپنے ذمے لی ہے آج مسلمان قرآن کی طرف لوٹ رہے ہیں اور مسلمان جب بھی قرآن کی طرف لوٹے ترقی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اسلام آباد میں ایک قرآن کمپلیکس بنانے جارہے ہیں جہاں پر بوسیدہ قرآنی اوراق کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قرآن پاک کی اشاعت کی جائے گی انہوں نے کہا کہ اخباری پیپر والے کاغذ پر قرآن چھاپنے پر پابندی لگائی ہے اور ایک خاص وزن اور معیار ی کاغذ لازمی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے لئے ایک ترجمے والا متفقہ قرآن شائع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کے سپرد کردیا ہے اورکونسل جو فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا۔














