پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے،صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت، تعلیم اور سرمایہ کاری کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان

تیزی سے ترقی کرے گا، پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے، مستقبل میں بہت سے امور کی انجام دہی انٹرنیٹ کے توسط سے مزید آسان ہو جائے گی۔
اسٹیٹ بینک رواں سال اکتوبر میں آن لائن ادائیگیاں شروع کرنے پر کام کر رہاہے، کورونا وبا کے دوران صحت،تعلیم اور کاروباری شعبہ میں انٹرنیٹ کی مانگ میں اضافہ ہوا،عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں اور عید نماز کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح اور نماز عید الفطر کے لئے جو ایس او پیز وضع کئے تھے دنیا نے اس کی پیروی کی، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وبا کی روک تھام میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ پروجیکٹ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران آن لائن تعلم کا سلسلہ شروع کیا گیا لیکن جن علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ نہیں تھا وہاں وزارت تعلیم نے ٹیلی وژن کے ذریعے تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے۔ مستقبل میں بہت سے امور کی انجام دہی انٹرنیٹ کے توسط سے مزید آسان ہو جائے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ معیشت، تعلیم اور سرمایہ کاری کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سافٹ ویئر برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں سافٹ ویئر برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بینک رواں سال اکتوبر میں آن لائن ادائیگیاں شروع کرنے پر کام کر رہاہے۔اس اقدام سے ملک بھر سب کو بالخصوص چھوٹی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران صحت،تعلیم اور کاروباری شعبہ میں انٹرنیٹ کی مانگ میں اضافہ ہوا۔