
اسلام اّباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تم تحریک انصاف
کا اثاثہ ہو، مجھے خوشی ہے کہ عامر تحریک انصاف میں ہے ہم مل کر کراچی کے مسائل کو حل کر یں گے،مسائل بہت ہیں تمہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ذمے داریوں سے منہ نہیں موڑنے دوں گا، ساتھ ہو اور رہوگے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے طویل ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے 4صفحات پر مشتمل استعفیٰ مستردکردیا اور کہا اس پربات نہیں ہوگی اپنا دل کھول کر وزیراعظم کے سامنے رکھا، وزیراعظم نے کراچی کے مسائل پر آواز بلند کرنے کو سراہا اور کہا یہی سیاسی سوجھ بوجھ اورعوام کادرد رکھنے والے رہنما کا کردار ہونا چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہاتم تحریک انصاف کا اثاثہ ہو، کچھ چھوڑنے کی ضرورت نہیں تمہاری ضرورت ہے۔ہم نے مل کر پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے اور یہ بھی کہا کہ حلقے اور کراچی کیلئے میری آواز کی قدر کرتا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ عامر تحریک انصاف میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا مسائل پراٹھنے والی آوازیں پارٹی کو آگے لے کر جاتی ہیں، خوش ہوں تم نے کراچی کی آواز بن کر سب کی توجہ دلائی، تم جانتے ہومیں کراچی کا ہر مسئلہ اپنا سمجھتا ہوں، انشا اللہ حل ہوگا۔














