بارش کے بعد کراچی کو دیکھ کے لگا وہاں حکومت ہی نہیں ہے، وفاقی وزیراطلاعات

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا سے ابھی نکلے نہیں، اوپر سے کراچی کی حالت

سب کے سامنے ہیں، بارش کے بعد کراچی کی صورتحال دیکھ کر لگا وہاں کوئی حکومت ہی نہیں لیکن ہم کراچی کے عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،انکی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام ریلیف دینے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے سندھ اسمبلی میں بھی منتخب نمائندے یہ سوالات اٹھائیں گے۔
جن کی سندھ میں اب تک حکومت ہے وہ جواب دیں فنڈز کہاں خرچ ہوئے، پارلیمنٹ میں اس پر بات ہوگی،سندھ حکومت کو اپنی نااہلی تسلیم کرلینی چاہئیے، کورونا کیخلاف اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی اب عید کے موقع پر عوام ذمہ داری کا ثبوت دیں، اسمگلنگ کرنے والوں نے جان بوجھ کر آٹا اور چینی کو مسئلہ بنایاہے،ملک میں آٹے اور چینی کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں،کسی قسم کی کوئی قلت نہیں۔
انہوں نے کہا وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، عید کے فوراً بعد میڈیا کے بقایاجات کامعاملہ مکمل حل کریں گے،کابینہ میں وزیراعظم نے زور دیا بقایاجات کی ادائیگی ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے،پی پی پی اور ن لیگ کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے، ان کی بغل میں چھری اور منہ میں رام رام والی مثال ہے، ان کا کچھ بننا نہیں۔
کراچی کے معاملے پر بنیادی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے سندھ حکومت کو چاہیے کہ کراچی سے متعلق اپنے فرائض ادا کرے آج وہ نظر نہیں آرہے ورنہ روز 6بندے بیٹھ کر وفاق پر حملے کرتے تھے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ تاہم وفاقی حکومت سندھ کے شہریوں کیلئے جو بھی کر سکی، وہ کرے گی۔ سندھ میں اداروں اور انفراسٹرکچر پر پوری کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ لگتا ہے کہ جیسے کراچی میں سیوریج کا کوئی نظام ہی نہیں ہے، یہی سندھ حکومت کی بہت بڑی نااہلی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کی تکلیف کا فوری ازالہ کیا جائے۔ بارشوں سے کراچی کے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا، پورا نظام تباہ ہو گیا۔تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شہریوں کی مدد کریں گے۔6024