بھارت نے کشمیر کو مکمل بند اور اس کی معیشت کو تباہ کر دیا،وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی

حیثیت منسوخ کر کے متنازع علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ اس کی معیشت کو بھی تباہ کر ڈالا ہے۔
الجزیرہ کو ایک خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال میں بھارت نے کشمیر کو مکمل بند اور اس کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آٹھ لاکھ فوجیوں کے ساتھ کشمیری عوام کو محصور کر رکھا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے ملک کے سیکولر تشخص کو بگاڑنے کا ذمہ دار ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ نظریہ کے زیر تسلط ہے، آج بھارت کے مسلمانوں کو ویسے ہی حالات کا سامنا ہے جو نازی جرمنی میں یہودیوں کو درپیش تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تنازع کے حل کے لئے تمام ممکنہ پر امن راستے بروئے کار لائے ہیں۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالث کے کردار کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں محاذ آرائی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتائج کی رفتار سست ضرور ہے تاہم پاکستان کی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا عمل رکا نہیں بلکہ اس میں پیشرفت ہو رہی ہے۔
گزشتہ سال ملائیشیا میں ہونے والی کوالالمپور سربراہی کانفرنس میں عدم شرکت کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ مسلمانوں کے مابین اتحاد کو برقرار رکھنے کے لئے لیا تھا، پاکستان ترکی اور سعودی عرب دونوں کو متعدد شعبوں میں اپنے قابل اعتبار شراکت داروں کے طور پر دیکھتا ہے۔