
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار شامل ہیں۔ایرانی وفد کی آمد پر فیلڈ مارشل اور نائب وزیرِ اعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق عباس عراقچی آج وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ پہلے اسحاق ڈار سے تفصیلی ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ ان کے ہمراہ وزیرِ اعظم سے ملاقات کریں گےجہاں باہمی تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔ عباس عراقچی نئی تجاویز کے ساتھ پاکستان پہنچے ہیں، جب کہ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا کے خصوصی مشیر وٹکوف اور کشنر ہفتے کی صبح پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔




































