
زین صدیقی
الخدمت خدمات کے 50ویں سال میں داخل ہو گئی ،یہ سفر آسان نہیں تھا ،بہت سے مراحل طے کیے گئے ،مٹھی بھر آٹا اسکیم سے خدمت شروع
کرنے والی الخدمت آج خدمات کے بڑے اور اہم ترین سنگ میل عبور کرچکی ہے ۔یہ چند برسوں کی بات نہیں بلکہ نصف صدی کا قصہ ہے ،ایک عہد ہے جس کے پیچھے ،محنت اور دیانت کی داستان ہے ،اس داستان کے پیچھے الخدمت کے ان ہیروز کا خون پسینہ ہے جن کی شب روز کی محنت نے اسے اس مقام تک پہنچا یا کہ آج اسے پاکستان کی صف اول کی این جی او ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور اس کا نام دنیا بھر میں جانا پہچانا جاتا ہے ۔ الخدمت دنیا کے مختلف ممالک ،فلسطین ،شام ،انڈونیشیا اور ترکی اور برما کے مسلمانوں کی مدد میں بھی یہ پیش پیش رہی ۔زلزلوں اور سیلابوں میں قومی خدمت کے جذبے سے سرشار الخدمت نے خدمت کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ،فلسطینیوں کی مدد میں بھی اس کا کوئی ثانی نہیں رہا ۔بنو قابل پروگرام ہو یا یتیموں کی کفالت،صحت کا معانلہ ہو یا صاف پانی کا الخدمت کسی میدان میں پیچھے نہیں رہی ،اس نے ہمیشہ مثالی کام کیے ۔
الخدمت کراچی نے اپنے قیام کے50سال کی تکمیل پر اپنے ہیروز کو بھی نہیں بھلایا ،بانی جماعت اسلامی اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودوی رحمت اللہ علیہ جن کی بے مثال قیادت میں خدمت کاموں کی بنیاد رکھی گئی ۔جان محمد عباسی ،نعمت االلہ خان جیسے گوہر نایاب نے خدمت کے اس کام کو آگے بڑھایا ،الخدمت مرحوم عبدالرشید بیگ اور دیگر مرحوم ہیروز کو بھی نہیں بھولی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔
وہ سابق صدور اور سیکریٹریز جو بقید حیات ہیں الخدمت نے انہیں بھی اس اہم ترین موقع پر فرامواش نہیں کیا ،ان عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کو خصوصی تقریب میں مدعو کیا گیا تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاسکے ۔ یہ الخدمت کے وہ عظیم ہیروز ہیں جنہوں نے 50سال کے دوران اپنی قیادت اور محنت کے ذریعے خدمت کے مشن کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ۔تقریب میں سابق صدور الخدمت ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ،محمد حسین محنتی ،سیکریٹریز اسامہ اسماعیل مراد ،سید حفیظ اللہ ،انجینئر عبدالعزیز نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت نائب صدر الخدمت کراچی ڈاکٹرواسع شاکر نے کی تقریب میں چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ الخدمت کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرزاور ذمہ داران بھی موجود تھے ۔تقریب کی نظامت کے فرائض ایگزیکٹو ڈائریکٹرالخدمت کراچی راشد قریشی نے انجام دئیے ۔اس موقع پر شرکا کو الخدمت کے 50سالہ کا موں سے متعلق مفصل ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی،جس میں خدمات کے آغاز سے آج تک کے کاموں کو خوبصورتی سے عکس بند کیا گیا تھا ۔
الخدمت کی جانب سے تمام سابق صدوراور سیکریٹریز سے ان کی خدمات پر اظہار تشکر کیا گیا اور انہیں ان کی خدمات پر یاد گاری ایوارڈ پیش کیے گئے۔ تقریب سے سابق صدور اور سیکریٹریز نے بھی اظہار خیال کیا ،تمام نے الخدمت کی کاوشوں کو بہترین انداز میں سراہا اور مزیدبہتری اورکاموں کی جانب نشاندہی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوخدمات الخدمت کے لیے انجام دیں، وہ محض رضائے الٰہی کے لیے تھیں ،ان کے نزدیک اس سے بڑھ کر کوئی اور مقصد نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی الخدمت کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور اس کے فلاحی کاموں میں اس کے ساتھ ہیں ۔
صدر تقریب نائب صدر الخدمت کراچی ڈاکٹرواسع شاکرنے کہاکہ الخدمت نے50سال میںاہم ترین سنگ میل عبورکیے ہیں۔یہ کوئی عام بات نہیں،یہ خدمت ،محنت اور اعتماد کا سفر ہے، جس نے الخدمت کو ا س اہم منزل تک پہنچایا،اس مشن کو صدور اور سیکریٹرز نے اپنی محنت اور قیادت میں نئی بلندیوں تک پہنچایا ۔الخدمت کی خدمات کا سفر بطور رجسٹرڈ این جی او 1976 میں شروع ہوا۔الخدمت نے گزشتہ دوہائی کے دوران تیزی سے وسعت اختیار کی ۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا الخدمت پر اعتماد کرتی ہے ،یہ اس کے بے لوث خدمات کا ثمر ہے کہ آج دنیا میں الخدمت کو ایک بہترین این جی او کے طور پر جانا پہچانا جاتا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ الخدمت اس سنہری دورکو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کا سفر بھی کامیابی سے جاری رکھے گی اور خدمات کے نئے سنگ میل عبور کرے گی ۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے تما م سابق صدور اورسیکریٹریز کا شکریہ ادا کیا اور ان کی الخدمت کیلئے کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت الخدمت کا طرہ امتیاز ہے ،اس نے 50سال میں لوگوں میں خوشیاں بانٹنے اور غم سمیٹنے کے لیے جو کام کیا ہے ،وہ مثالی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی خدمات کا آغاز مٹھی بھرآٹا اسکیم سے ہوا ،پھر مولانا ابوالاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ علیہ نے دو میت بسوں سے میت بس سروس کا افتتاح کیا ۔ اس کے بعد لوگوں کے صحت کے مسائل دیکھتے ہوئے ’’ موبائل ہیلتھ یونٹ ‘‘قائم کر کے اس شعبے میں بھی کام کا آغاز کیا ۔ 1976سے آج تک الخدمت بطور رجسٹرڈ این جی او خدمات انجام دے رہی ہے ،ہزاروں رضاکاراور سیکڑوں کارکنان الخدمت کے کاموں سے جڑے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ الخدمت صحت ،تعلیم ،مائیکروفائنانس ، واش پروگرام ،بنو قابل ،کفالت یتامیٰ ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،کمیونٹی سروسز کے شعبوں میں کام کررہی ہے جو زندگی کے تمام شعبوں کا احاطہ کر تے ہیں ۔دو شعبوں سے کام شروع کرنے والی الخدمت آج الحمد ملک کی نمایاں این جی او بن چکی ہے اور اس پر لوگ بھروسہ کرتے ہیں ۔آج ملک بھر میں سالانہ کئی کروڑ افراد اس کی سروسز سے استفادہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت آنے والے برسوں میں نئے سنگ میل عبور کرنے کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی ٹریننگ کا عظیم شان پروگرام شروع کیا ہے جو آج ملک بھر کے نوجوانوں کا مقبول ترین پروگرام بن چکا ہے ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ آج الخدمت جس مقام پر ہے ،وہ آپ سب کی ان تھک محنت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ آپ نے خدمت کے اس مشن میں بلامعاوضہ اپنا قیمتی وقت دیا اور الخدمت کے کاموں کو آگے بڑھایا ۔انہوں نے کہا کہ ہم الخدمت کے کاموں کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں ۔



































