
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکی صدر ڈونلڈٖ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایران بالآخر مذاکرات کی راہ اختیار کرے گا، بصورت
دیگر اسے ایسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ریڈیو پروگرام دی جان فریڈرکس شو کو ٹیلیفونک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی بہتر راستہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تہران نے بات چیت سے گریز کیا تو اسے غیر معمولی نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران ایک معقول معاہدہ کرے گا اور اپنی توجہ ملکی تعمیرِ نو پر مرکوز کرے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران معاہدہ کرتا ہے تو نہ صرف وہ جوہری ہتھیاروں سے محروم رہے گا بلکہ مستقبل میں بھی اس تک رسائی ممکن نہیں ہوگی، ان کے مطابق ایسا اس لیے ضروری ہے کیونکہ جوہری ہتھیار عالمی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، اور امریکا اس کی اجازت نہیں دے سکتا۔
وائٹ ہاؤس کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کسی ایسی تباہ کن ڈیل کا حصہ نہیں بنے گا جو عالمی امن کے لیے خطرہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کے معاملے میں امریکا کے پاس محدود آپشنز تھے اور موجودہ اقدامات ناگزیر تھےکیونکہ صورتحال ایسی تھی کہ فیصلہ کن قدم اٹھانا ضروری ہو گیا تھا۔




































