
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا
شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدام خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور قیامِ امن کی جانب ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے فیصلے سفارتی کوششوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے بھی صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ایران پر ممکنہ حملوں کو مؤخر کرنے کے فیصلے کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت مذاکراتی عمل کو مزید تقویت دے گی اور خطے میں استحکام کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی شرائط کا مکمل احترام کریں تاکہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول برقرار رہ سکے اور مزید خونریزی سے بچا جا سکے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں متوقع مذاکرات کے دوسرے دور کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ایک جامع امن معاہدے کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جو خطے میں دیرینہ کشیدگی کے خاتمے کا باعث بنے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان خطے میں استحکام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گی اور متعلقہ فریقین کو عسکری کشیدگی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔ وزیراعظم کے مطابق، دیرپا امن کے لیے بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہےجس کے ذریعے عام شہریوں کو جنگی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے قیام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور ان سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔





































