
اسلام آباد ( ویب ڈیسک )سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مزید 1 ارب ڈالر کے فنڈز موصول ہو گئے ہیں، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف
پاکستان نے کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 15 اپریل کو سعودی عرب پہلے ہی 2 ارب ڈالر فراہم کر چکا تھا، یوں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی وہ مالی معاونت مکمل ہو گئی ہے, جس کی یقین دہانی سعودی حکومت نے کروائی تھی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی ادائیگی 23 اپریل کو متوقع ہے،اس سے قبل پاکستان گزشتہ ہفتے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹس 45 کروڑ ڈالر سود کے ساتھ واپس کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی سپورٹ جلد مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کو سالانہ رول اوور کے بجائے 3 سال کے لیے بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ان کی میچورٹی 2028 تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور معاشی دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔




































